ڈیجیٹلائزیشن اور جدت سے محصولات بڑھائیں گے: وزیراعظم

03-14-2024

(لاہورنیوز) وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت 5 سالہ معاشی روڈ میپ کے حوالے سے جائزہ اجلاس ہوا، اجلاس میں ملکی معیشت کی ترقی کیلئے آئندہ 5 سال کا معاشی روڈ میپ پیش کیا گیا، مہنگائی اور غربت میں کمی اور روزگار کی فراہمی روڈ میپ کا حصہ ہے۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن اور جدت سے محصولات بڑھائیں گے، زرعی شعبے میں بھی جدت سے فی ایکڑ پیداوار میں اضافہ کیا جائے گا۔وزیر اعظم نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز سے پلان پر عملدرآمد کیلئے مشاورت کی جائے، معاشی استحکام اور ترقی کے منصوبوں پر عملدرآمد یقینی بنائی جائے۔ شہباز شریف نے ہدایت کی کہ منصوبوں پر عملدرآمد کا شیڈول بنا کر پیش کیا جائے، زراعت، لائیو سٹاک، آئی ٹی، صنعتی ترقی کیلئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں۔انہوں نے کہا کہ حکومتی اخراجات کو کم کریں گے، غریب عوام کے پیسے کو مزید ضائع نہیں ہونے دوں گا، آئندہ 5 برس میں ملکی معیشت کو مستحکم کر کے ترقی کی راہ پر گامزن کرنا ہے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نقصان میں چلنے والے حکومتی اداروں کی ترجیحی بنیادوں پر نجکاری کی جائے گی۔اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، محمد جہانزیب، احد چیمہ، ڈاکٹر مصدق ملک شریک ہوئے، وزیرِ مملکت شیزہ فاطمہ خواجہ اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔