سینیٹ ضمنی انتخاب: پیپلز پارٹی کے 4، ن لیگ اور جے یو آئی کا ایک ایک سینیٹر منتخب

03-14-2024

(ویب ڈیسک) سینیٹ کی 6 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے نتائج کے مطابق پیپلز پارٹی نے 4 جبکہ مسلم لیگ ن اور جے یو آئی نے ایک ایک نشست جیت لی۔

سینیٹ کے لئے بلوچستان اسمبلی کی 3، سندھ اسمبلی کی 2 اور اسلام آباد کی ایک نشست پر پولنگ ہوئی، اسلام آباد، بلوچستان اور سندھ سے سینیٹ کی نشستوں کے لئے ضمنی انتخاب پر پولنگ کا آغاز صبح 9 بجے ہوا جو شام 4 بجے تک جاری رہا۔ اسلام آباد کی نشست پر پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی 204 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہو گئے جبکہ ان کے مدمقابل سنی اتحاد کونسل کے امیدوار الیاس مہربان کو 88 ووٹ ملے۔ سینیٹ کی ایک نشست کے لئے قومی اسمبلی کے 301 ارکان نے اپنا حق رائے دہی استعمال کیا، قومی اسمبلی کے 9 ارکان کے ووٹ مسترد قرار دیئے گئے۔ سندھ اسمبلی میں سینیٹ کی دو نشستوں کیلئے مجموعی طور پر 124 ووٹ کاسٹ کئے گئے، بلوچستان میں سینیٹ کے ضمنی انتخاب کے لئے 61 اراکین نے اپنا اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔ سندھ اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے امیدوار سیف اللہ دھاریجو 58 اور اسلم ابڑو 57 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہو گئے۔ بلوچستان اسمبلی سے پیپلز پارٹی کے امیدوار سابق وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو 23 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوئے، مسلم لیگ ن کے میر دوستین ڈومکی نے 17 ووٹ حاصل کئے، جے یو آئی کے عبدالشکور 16 ووٹ لے کر سینیٹر منتخب ہوئے۔