پرویز الہٰی پر درج مقدمات کی تفصیلات کیلئے درخواست چیف جسٹس کو ارسال

03-14-2024

(لاہور نیوز) سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی پر درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کیلئے دائر درخواست چیف جسٹس کو ارسال کردی گئی ۔

لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس مرزا  وقاص رؤف نے پرویز الہٰی کی درخواست پر سماعت کی، درخواست میں آئی جی پنجاب سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ  سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الہٰی پر سیاسی بنیادوں پر مقدمات درج کیے جارہےہیں۔ درخواست گزار کی جانب سے استدعا کی گئی کہ  عدالت پرویز الہٰی کیخلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم دے، جب تک مقدمات کی تفصیل فراہم نہیں کی جاتی، کسی نئے مقدمے میں گرفتاری سے روکا جائے۔ دوران سماعت  پرویز الہٰی کے وکیل  نے عدالت سے استدعا کی کہ درخواست کو جسٹس امجد رفیق کی عدالت میں مقرر کیا جائے، جسٹس امجد رفیق کی عدالت میں پہلے ہی اس نوعیت کی درخواست زیر سماعت ہے۔ بعدازاں  عدالت نے پرویز الہٰی کی درخواست کسی اور بنچ میں لگانے جانے کی استدعا پر فائل جسٹس چیف لاہورہائیکورٹ کو ارسال کر دی۔