پی ایس ایل9: جیسن رائے کے ساتھ تکرار، افتخار پر جرمانہ عائد

03-14-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آخری گروپ میچ میں ملتان سلطانز کے فیلڈر افتخار احمد پر جیسن رائے سے الجھنے پر جرمانہ عائد کردیا گیا۔

کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف میچ میں بآسانی 79 رنز سے فتح سمیٹی تاہم اس میچ میں کوئٹہ کی بیٹنگ کے دوران بیٹر جیسن رائے اور فیلڈر افتخار احمد آپس میں الجھ گئے اور تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ محمد رضوان سمیت دیگر ساتھی کھلاڑیوں کی جانب سے معاملہ ختم کروا دیا گیا تھا تاہم پریس کانفرنس کے دوران ملتان سلطانز کے انگلش فاسٹ بولر ڈیوڈ ولی کا کہنا تھا کہ جیسن رائے کا میری گیند پر ایل بی ڈبلیو آؤٹ ہونے کے بعد جھگڑا ہوا، ریویو لینے کے بجائے بیٹر نے افتخار احمد کی طرف دیکھا اور تلخ جملوں کا تبادلہ کیا اور اتنے میں ریویو کا وقت چلا گیا۔ دوسری جانب افتخار احمد پر ضابطہ اخلاق کے لیول 1 کی خلاف ورزی پر ان کی میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا ہے، امپائرز کا کہنا ہے کہ افتخار کو کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.5 کی خلاف ورزی کرتے ہوئے پایا گیا۔ اس قانون کے تحت زبان، حرکات یا اشاروں کا استعمال جو توہین آمیز یا میچ کے دوران کسی بلے باز کے آؤٹ ہونے پر جارحانہ ردعمل کو جنم دے۔ افتخار احمد نے میچ ریفری کے جرمانے کو قبول کرلیا جس کے باعث واقعہ کی باقاعدہ سماعت نہیں ہوئی۔