چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ چھٹیوں پر بیرون ملک روانہ ہو گئے

03-14-2024

(لاہور نیوز) چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ چھٹیاں گزارنے کیلئے بیرون ملک روانہ ہو گئے ہیں۔

ذرائع کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نجی دورے پر بیرون ملک گئے ہیں جہاں وہ 5 سے 6 روز تک قیام کریں گے، چھٹیوں سے واپس آنے کے بعد چیف الیکشن کمشنر انتظامی معاملات دیکھیں گے۔ واضح رہے کہ سینیٹ کی 6 نشستوں پر ضمنی انتخابات آج ہوں گے، پولنگ کا عمل صبح 9 بجے سے 4 بجے تک جاری رہے گا، ضمنی الیکشن کیلئے ووٹنگ قومی، سندھ اور بلوچستان اسمبلی میں ہو گی، اسلام آباد کے ریٹرننگ افسر ظفر اقبال نے امیدواروں کا فارم 54 جاری کر دیا۔ قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کے الیاس مہربان اور پیپلز پارٹی کے یوسف رضا گیلانی کے درمیان مقابلہ ہو گا جبکہ سندھ میں سینیٹ کی دو خالی نشستوں پر الیکشن کیلئے پولنگ کے انتظامات مکمل کر لیے گئے، پیپلز پارٹی اور سنی اتحاد کونسل کے امیدوار آمنے سامنے ہوں گے۔ واضح رہے کہ سینیٹ الیکشن کیلئے جمعیت علماء اسلام اور پیپلز پارٹی نے اسلام آباد اور بلوچستان میں اتحاد کر رکھا ہے، پی پی رہنما نیئر بخاری کا کہنا ہے کہ سینیٹ الیکشن بلوچستان میں پیپلز پارٹی جے یو آئی کی حمایت کرے گی۔ جے یو آئی کے رہنما مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ سیاسی حوالے سے بہتر پیشرفت ہوئی ہے، ہماری کوشش ہو گی سینیٹ الیکشن میں یوسف رضا گیلانی کا ساتھ دیں۔