مبینہ جعلی وکیل کی ضمانت خارج، ملزم احاطہ عدالت سے گرفتار
03-13-2024
(لاہور نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے مبینہ جعلی وکیل کی ضمانت خارج کر دی، پولیس نے ملزم راجہ عابد خان کو احاطہ عدالت سے ہی حراست میں لے لیا۔
لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس فاروق حیدر نے پنجاب بار کونسل کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں مؤقف اپنایا گیا کہ پنجاب بار کونسل نے انکوائری کرنے کے بعد تھانہ سول لائنز لاہور میں جعلی وکیل کے خلاف 2023 میں مقدمہ درج کروایا، رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ کی رپورٹ کے مطابق جعلی وکیل 1959 کیسوں میں بطور وکیل راولپنڈی بنچ میں پیش ہوتا رہا۔ درخواست میں کہا گیا کہ ملزم کے 46 کیس پی ایل ڈی، وائی ایل آر، پی ایل جے سمیت دیگر شماروں میں رپورٹ ہو چکے ہیں، ملزم اسلام آباد ہائیکورٹ، پشاور ہائیکورٹ، گلگت بلتستان ہائیکورٹ میں بھی بطور وکیل پیش ہوا۔ درخواست گزار کا کہنا تھا کہ ملزم 2009 سے 2023 تک مختلف ٹرائل کورٹس میں تقریباً 1500 مقدمات میں بطور وکیل پیش ہوا، ملزم نے سیشن کورٹ لاہور سے ضمانت حاصل کی۔ درخواست میں لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی کہ جعلی وکیل کی ضمانت کالعدم قرار دی جائے۔ بعدازاں لاہور ہائیکورٹ نے مبینہ جعلی وکیل راجہ عابد خان کی ضمانت خارج کر دی، پولیس نے ملزم کو احاطہ عدالت سے ہی حراست میں لے لیا۔