ساری زندگی افسوس رہے گا بابراعظم ورلڈکپ میں سکور نہ کر سکے: باسط علی

03-13-2024

(ویب ڈیسک) سابق کرکٹر باسط علی نے کہا ہے کہ مجھے ساری عمر افسوس رہے گا کہ بابراعظم ورلڈکپ کے دوران بھارت میں سکور نہ کرسکے۔

نجی ٹی وی چینل کے سپورٹس پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے پاکستان کے سابق کرکٹر نے بابراعظم کی بیٹنگ کے بارے میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کے خلاف جس طرح کی پچ تھی اس پر بابر نے فاسٹ بولر اور سپنرز کو بہترین طرح سے ٹیکل کیا۔ انہوں نے اسکوائر لیگ پر چوکا مارا تو کمنٹری کرنے والے مائیکل کلارک نے بابر کی تعریفوں کے پل باندھ دیے، بابر کی بیٹنگ دیکھ کر کلاس کا اندازہ ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک میں زندہ ہوں مجھے ساری عمر افسوس رہے گا کہ بھارت میں ورلڈکپ کے دوران بابراعظم سے رنز سکور نہ ہوسکے، وہ پچز بابراعظم کے مطلب کی پچز تھیں، یہ ان کی بدقستمی تھی کہ وہ وہاں رنز سکور نہ کرسکے۔ سابق قومی وکٹ کیپر کامران اکمل نے کہا کہ اگر وہاں بیٹنگ لائن فارم میں ہوتی تو شاید بابر بھی دو تین سنچریاں سکور کرتا، اس پر پریشر آیا ہوا تھا وہ کپتان بھی تھا جس کی وجہ سے وہ سنچری نہیں کرسکا۔ کامران اکمل نے پی ایس ایل میں بابراعظم کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ صرف اس پی ایس ایل میں نہیں بلکہ چھ، سات سالوں سے اپنی پرفارمنس دکھا رہا ہے اس لیے نمبر ون ہے۔ واضح رہے کہ اس سیزن میں اب تک بابراعظم 5 نصف سنچریاں سکور کرچکے ہیں جبکہ انہوں نے ایک شاندار سنچری بھی بنائی ہے۔ 9 میچز کھیلنے کے بعد انہوں نے مجموعی طور پر 498 رنز سکور کیے ہیں۔