وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات کا پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مرکزی دفتر کا دورہ
03-12-2024
(لاہور نیوز) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا اور ادارے کی ورکنگ کے حوالے سے بریفنگ لی۔
ایم ڈی پیف نے بریفنگ میں بتایا کہ پیف 7 ہزار سے زائد پارٹنر سکولوں میں 26 لاکھ سے زائد طلبہ کو مفت اور معیاری تعلیم فراہم کر رہا ہے، پنجاب میں تعلیم سے محروم بچوں کو سکولوں میں لانے کی مہم کا آغاز کر دیا ہے۔ ایم ڈی پیف شاہد فرید نے صوبائی وزیر تعلیم سے درخواست کی کہ پیف کے فنڈز میں اضافہ کیا جائے تاکہ پارٹنر سکولوں کو ملنے والی پیمنٹس میں اضافہ کیا جا سکے۔ صوبائی وزیر تعلیم نے پیف میں اصلاحات لانے سمیت مزید فنڈز دینے کا اعلان کیا، انہوں نے پنجاب ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ ماڈل کو بھی سراہتے ہوئے کہا پیف ایسا ماڈل ہے جو کم خرچ میں بہترین نتائج فراہم کر رہا ہے، پیف کے دائرہ کار کو مزید بڑھایا جائے گا۔ میٹنگ کے دوران ایم ڈی پیف نے روشن تھل پراجیکٹ، چولستان موبائل سکول، چولستان کمیونٹی سکول، سٹوڈنٹ انفارمیشن سسٹم، پیف مانیٹرنگ نظام اور دیگر اہم منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔