پنجاب کے بجٹ کی منظوری کیلئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس طلب کرنے کا فیصلہ

03-12-2024

(لاہور نیوز) پنجاب کے بجٹ کی منظوری کے لئے پنجاب اسمبلی کا اجلاس 18 مارچ یا اس سے قبل طلب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔

اجلاس میں حکومت پنجاب گزشتہ 9 ماہ کا استعمال شدہ اور آئندہ تین ماہ کا بجٹ اسمبلی سے منظور کروائے گی۔ وزیرخزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان کا کہنا ہے کہ اسمبلی میں پیش کردہ بجٹ مکمل ایک سال کا ہو گا، پنجاب اسمبلی کا اجلاس دس سے چودہ روز جاری رہنے کا امکان ہے، پنجاب حکومت رواں مالی سال 2023،24 کا مکمل ایک سال کا بجٹ ایوان میں پیش کرے گی، بجٹ کی منظوری کے لئے مکمل مالی سال کی بجٹ کی منظوری والا پراسیس اختیار کیا جائے گا۔  وزیرخزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان ایوان میں بجٹ پیش کریں گے،ایک دن کے وقفے کے بعد اپوزیشن لیڈر بجٹ پر بحث کا آغاز کرے گا، بجٹ پر عام بحث کے بعد مقررہ وقت میں کٹوتی کی تحریکوں پر بحث اور منظوری ہو گی، کٹوتی کی باقی ماندہ تحریکوں پر گلوٹین کا نفاذ ہو گا، تمام مطالبات کی اسمبلی سے منظوری لی جائے گی۔ سپلیمنٹری بجٹ کی منظوری کے لئے بھی طے شدہ طریقہ کار اختیار ہو گا، سپلیمنٹری بجٹ پر بھی بحث اور منظوری ہو گی۔ مجتبیٰ شجاع الرحمان کا کہنا ہے کہ ہر صورت میں ہمیں بجٹ تیس مارچ سے قبل منظور کروانا ہے۔