سینئر اداکار نے سین سے پہلے بسم اللہ پڑھنے سے روک دیا تھا: اقرا عزیز

03-12-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کی ورسٹائل اداکارہ اقرا عزیز کا کہنا ہے کہ ایک مرتبہ انہیں سینئر اداکار نے ڈرامے کے سین سے قبل بسم اللہ پڑھنے پر ممانعت کی تھی۔

اداکارہ نے کچھ ماہ قبل نجی ٹی وی کے ایک پروگرام میں شرکت کی تھی جس میں میزبان نے ان سے سوال کیا کہ کیا کبھی کسی سینئر اداکار یا اداکارہ نے سیٹ پر کسی قسم کی تنقید کی یا کہا کہ آپ سینئرز کی عزت نہیں کرتیں یا آپ کو تمیز نہیں ہے؟ جواب میں اقرا عزیز نے بتایا کہ یہ واقعہ تو نہیں ہوا لیکن میری ہمیشہ سے عادت ہے کہ کوئی بھی کام شروع کرنے سے پہلے بسم اللہ پڑھتی ہوں، تو ڈرامے کے سین کے پہلے بھی عادت کے مطابق بسم اللہ پڑھتی ہوں۔ انہوں نے کہا اچھا لگتا ہے جب میری وجہ سے اور لوگ بھی ایسا کرتے ہیں، ایک مرتبہ سیٹ پر میں نے سین کے آغاز سے قبل بسم اللہ پڑھی تو ایک سینئر اداکار تھے، انہوں نے کہا ایسے نہیں ، سین سے پہلے بسم اللہ نہیں پڑھتے، جس پر حیرانی سے میں نے وجہ پوچھی۔ اقرا عزیز کے مطابق ان اداکار نے کہا کہ ہمارا کام جھوٹ ہے ، جو ڈرامے ہم کرتے ہیں یہ جھوٹ ہوتے ہیں تو جھوٹ سے پہلے ہم اللہ کا نام نہیں لیتے جس پر میں نے ان کے سامنے رضامندی ظاہر کی لیکن دل میں سوچا کہ یہ میری روزی روٹی ہے، میں تو بسم اللہ پڑھوں گی۔ میزبان کی جانب سے ان اداکار کا نام پوچھنے پر اقرا عزیز نے قہقہہ لگایا اور ساتھ ہی نام بتانے سے انکار کردیا۔