پی ایس ایل 9: شان مسعود نے شاداب خان کیساتھ تکرار کی وجہ بتا دی
03-12-2024
(ویب ڈیسک) کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کے ساتھ ہونے والی تکرار کی وجہ بیان کر دی۔
کراچی میں پریس کانفرنس کے دوران شاداب خان کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کراچی کنگز کے کپتان شان مسعود نے کہا فیلڈ میں پلیئرز کے جذبات ہوتے ہیں، ہر انسان میں کچھ خوبی کچھ خامی ہوتی ہے، میں نے وائیڈ واپس لینے کیلئے ریویو لیا، میں جب امپائر سے بات کر رہا تھا تو شاداب نے کہا وقت ختم ہو گیا ہے، شاداب کی بات پر اس کو کہا کہ آپ میچ کھیلو، امپائرنگ مت کرو۔ واضح رہے کہ اسلام آباد یونائیٹڈ اور کراچی کنگز کے گزشتہ جمعرات کو ہونے والے میچ کے دوران شاداب خان اور شان مسعود کے درمیان ریویو لینے کے معاملے پر گرما گرمی دیکھنے میں آئی تھی۔ قبل ازیں اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان شاداب خان کا شان مسعود سے ہونے والی گرما گرمی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہنا تھا کہ دوران میچ شان مسعود بھائی کو تھوڑی غلط فہمی ہوگئی تھی جس پر وہ ناراض ہوئے تاہم شاداب خان اور شان مسعود کے درمیان بحث و تکرار کا معاملہ صرف فیلڈ تک محدود رہا، میچ کے اختتام پر دونوں کپتانوں نے ایک دوسرے کو گلے لگایا۔