پنجاب کے بڑے شہروں میں آمدورفت کیلئے 657 بسوں کی فراہمی کا پلان منظور
03-11-2024
(لاہور نیوز) پنجاب حکومت نےصوبے کے بڑے شہروں میں آمدورفت کی بہترین سہولتوں کیلئے 657 ماحول دوست بسوں کی فراہمی کا پلان منظور کرلیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا جس میں شہریوں کی سہولت کیلئے ٹرانسپورٹ پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کے دوران پنجاب میں 20ہزار الیکٹرک بائیکس اور 657 ماحول دوست اربن بس پراجیکٹ پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ دوران اجلاس بریفنگ میں بتایا گیا کہ پہلے مرحلے میں لاہور ، راولپنڈی ،فیصل آباد اور بہاولپور سمیت دیگر شہروں میں ڈیزل ہائبرڈ ری جنریٹڈ بسیں چلائی جائیں گی جبکہ 9 مئی سے بائیک پراجیکٹ لانچ ہوگا، مئی میں ہی ڈیلیوری شروع ہو جائے گی، وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بسوں کی فراہمی اور بائیک پراجیکٹ کی اصولی منظوری دیدی۔ مریم نواز نے طلبہ کے لئے ایڈوانس کی رقم کم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی تکلیف کا ازالہ حکومت کی ذمہ داری ہے، عوام معاشی مشکلات کا سامنا کررہے ہیں، حکومت کو بوجھ اٹھانا ہو گا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے ہر تحصیل میں طالبات کے لئے سکول بس پراجیکٹ تیار کرنے کا بھی حکم دیا۔ اجلاس میں سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب،صوبائی مشیر پرویز رشید،وزیر اطلاعات عظمی بخاری، وزیرٹرانسپورٹ بلال اکبر خان، ایم پی اے ثانیہ عاشق نے شرکت کی۔ چیف سیکرٹری،چیئرمین پی اینڈ ڈی،سیکرٹری ٹرانسپورٹ،سیکرٹری فنانس،ایم ڈی ٹی پی آر اے،صدر بینک آف پنجاب، پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کے سی ای او،پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی کے ایم ڈی اور دیگر متعلقہ حکام بھی اجلاس میں شریک تھے۔