وٹامن اے استعمال کرنے سےجلد پر کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں؟جانئے

03-10-2024

(ویب ڈیسک)ماہرین نے کہاہے کہ وٹامن اے جلد پر لگے زخم کو بھرنے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

ماہرین کی جاری کی گئی تحقیق کے مطابق زخم لگنے کے بعد وٹامن اے خلیات کو ہدایت دیتا ہے کہ جِلد کی ’مرمت‘ کی جائے اور اس کے ساتھ ساتھ بعد وہاں بالوں کی بھی نشونما کی جائے۔ تحقیق کے مطابق یہ خاص خلیے دراصل بالوں کے خام خلیےہوتے ہیں لیکن یہ عام طور پر اس وقت تک کام نہیں کر سکتے جب تک کہ وہ اس بات کا تعین نہ کر لیں کہ جلد کو ٹھیک کرنا ہے یا بالوں کی نشونما کرنی ہے، یہ ہدایت وٹامن اے فراہم کرتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ چونکہ جِلد اکثر زخمی ہوتی ہے اس لیے بالوں کے خلیے جِلد کو پہنچنے والے نقصان کی تلافی کیلئے فوراً متحرک ہوجاتے ہیں۔اس نئے مطالعے کے بعد اب ہم جِلد اور بالوں کی مختلف خرابیوں اور کینسر کو روکنے کے طریقہ کار کو بہتر طور پر سمجھ سکتے ہیں۔ محققین نے یہ بھی دریافت کیا کہ وٹامن اے کا مناسب تناسب ان خلیوں کی موثر فعالیت کے لیے انتہائی ضروری ہے۔وٹامن اے کی بہت زیادہ مقدار خلیات کے کردار کو مناسب طریقے سے تبدیل کرنے میں رکاوٹ بن سکتی ہے جبکہ کم سطح بالوں کی نشوونما کی بجائے جلد کو ٹھیک کرنے پر بہت زیادہ وقت صرف کر سکتی ہے۔ خیال رہے کہ جسم میں خلیات جب اپنے متعین کردہ کام کو تبدیل کرتے ہیں تو اسے lineage plasticity کہا جاتا ہے۔ یہ عمل کینسر اور زخم کی شفا یابی دونوں میں ہوتا ہے۔