صوبائی وزیر صحت کا شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال کا دورہ،ناقص انتظامات پر برہم

03-10-2024

لاہور: (محمد بلال) صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق نے گورنمنٹ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال میں ناقص انتظامات پر سخت برہمی کا اظہار کیا ہے۔

صوبائی وزیر خواجہ سلمان رفیق نے گورنمنٹ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال کا تفصیلی دورہ کیا، انہوں نے ہسپتال کی ایمرجنسی، سٹور روم، آپریشن تھیٹرز و دیگر شعبہ جات کا دورہ کرکے مریضوں کی عیادت کی۔ خواجہ سلمان رفیق نے بلڈ بینک کے نا مکمل ریکارڈ، صفائی کے ناقص انتظامات اور پارکنگ ٹوکن کے ناقص نظام پر ایم ایس کی سخت سرزنش کر دی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر صحت خواجہ سلمان رفیق کا کہنا تھا کہ ایم ایس گورنمنٹ شاہدرہ ٹیچنگ ہسپتال کو کارکردگی بہتر کرنے کا آخری موقع دے رہے ہیں،وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر مختلف سرکاری ہسپتالوں کے سرپرائز دورے کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کے علاج و معالجہ میں ایک فیصد بھی کوتاہی برداشت نہیں کریں گے۔