سیاست میں پہلی بار ووٹوں کی خریدو فروخت نہیں ہوئی: محمود خان اچکزئی

03-09-2024

(ویب ڈیسک) سنی اتحاد کونسل کے صدارتی امیدوار محمود خان اچکزئی نے کہا کہ الیکشن اچھے ماحول میں ہوئے، حمایت کرنے پر تحریک انصاف کے دوستوں کا شکرگزار ہوں۔

محمود خان اچکزئی نے کہا کہ بعض لوگ سمجھتے ہیں پاکستان میں سب کچھ بیچا اور خریدا جا سکتا ہے، بعض لوگ ایسے ہیں جو سمجھتے ہیں ایسا نہیں، میں ان میں شامل ہوں، یہ نئے دور کا آغاز ہے کہ ووٹوں کی خریدوفروخت نہیں ہوئی، یہ خوش آئند ہے جس میں بیچنے کا عمل نہیں ہوا۔ انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب، خیبرپختونخوا اور سندھ میں جو ہمارے ووٹ تھے وہ ہمیں ملے، خیبرپختونخوا میں تمام 90 ارکان نے مجھے ووٹ کاسٹ کیا، ہمیں ملکر کام کرنا ہو گا، ابھی ہمارا امتحان شروع ہو رہا ہے۔ محمود خان اچکزئی نے کہا کہ میں آصف زرداری کو مبارکباد دینے گیا، پارٹی رہنماؤں کو بھی مبارکباد دی۔