شاندانہ گلزار کے مریم نواز پر الزامات کا نوٹس لیا جائے: عظمیٰ بخاری

03-09-2024

(لاہور نیوز) وزیر اطلاعات و نشریات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ شاندانہ گلزار نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز پر سنگین الزام لگائے ، ان کے لگائے گئے الزامات کا نوٹس لیا جائے۔

پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری  نے کہا کہ شاندانہ گلزار صاحبہ کو آج کل گفتگو کرنے کا بہت شوق ہے، انہیں ریلیف دینے کیلئے آؤٹ آف دی وے جانا پڑا،  شاندانہ گلزار نے وزیراعلیٰ مریم نواز پر بے معنی الزام لگایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  شاندانہ گلزار کیخلاف ایف آئی اے میں شکایت درج کرا دی گئی ہے ، شاندانہ گلزار صاحبہ اب آپ کو تحقیقات میں پیش ہونا ہے، ثبوت پیش کرنے ہوں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ میں پی ٹی آئی والوں کو سیاسی گدھ کہتی ہوں، ان کو لاشیں اکٹھی کرنے اور بیچنے کا شوق ہے ، ظل الہٰی زمان پارک میں ٹانگ پر ٹانگ رکھ کر بڑے بڑے لوگوں کو ملتے تھے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ جب آپ سے ثبوت مانگتے ہیں تو سیاسی انتقام کا جھنڈا لیکر باہر نکل آتے ہیں، میں سب سے زیادہ آزادی اظہار رائے کی حامی ہوں، پوری دنیا میں دوسرے پاس کے بھی اظہار رائے کی آزادی ہے، یہ نہیں ہو سکتا کہ آپ سوشل میڈیا پر کسی کی تضحیک کر دیں یا قتل کا الزام لگا دیں، ان کا 2018 میں غلطی سے جیک پاٹ لگ گیا تھا، یہ اگر پرامن احتجاج کریں گے تو سر آنکھوں پر ۔