شاداب خان کی کیویز کیخلاف سیریز میں واپسی متوقع

03-08-2024

(ویب ڈیسک) شاداب خان کی نیوزی لینڈ کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے قومی ٹیم میں واپسی متوقع ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی 20 سیریز کے لیے پاکستان ٹیم میں چند کھلاڑیوں کی واپسی اور کچھ کے باہر ہونے کا امکان ہے۔ کیویز کے خلاف 5 ٹی 20 میچز کی سیریز اپریل کے وسط میں شیڈول ہے جس کے لیے ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان پی ایس ایل کے بعد ہو گا۔ ذرائع کے مطابق آل راؤنڈر شاداب خان اور فاسٹ باؤلر نسیم شاہ کی نیوزی لینڈ کے خلاف ہوم ٹی 20 سیریز میں واپسی ہو گی۔ شاداب خان نیوزی لینڈ میں ہونے والی سیریز کے لیے ٹیم میں شامل نہیں تھے تاہم اب وہ فٹنس مسائل سے چھٹکارہ پانے کے بعد پی ایس ایل میں بہترین آل راؤنڈ پرفارمنس کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حنین شاہ اور خواجہ نافع کو بھی ممکنہ کھلاڑیوں میں شامل کیے جانے کا امکان ہے جبکہ سلمان علی آغا اور حیدر علی کے ناموں پر بھی غور کیا جارہا ہے۔ ذرائع کے مطابق حارث رؤف کندھے کی انجری کا شکار ہیں جس کی وجہ سے ان کا ٹیم میں جگہ بنانا مشکل ہوسکتا ہے جبکہ محمد نواز اور حسیب اللہ کی سلیکشن بھی مشکل ہے۔