نیب ریفرنسز: حسن و حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری 14 مارچ تک معطل

03-07-2024

(ویب ڈیسک) احتساب عدالت نے نیب ریفرنسز پر محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے میاں نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ گرفتاری 14 مارچ تک کیلئے معطل کر دیئے۔

احتساب عدالت اسلام آباد کے جج ناصر جاوید رانا نے حسن نواز اور حسین نواز کے وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواستوں پر سماعت کی، حسن اور حسین نواز کے وکیل قاضی مصباح الحسن، رانا عرفان ایڈووکیٹ عدالت پیش ہوئے۔ نیب کی جانب سے ڈپٹی پراسیکیوٹر جنرل سردار مظفر، پراسیکیوٹر سہیل عارف بھی عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ دوران سماعت قاضی مصباح الحق ایڈووکیٹ نے کہا کہ ریفرنس میں ہائیکورٹ سے تمام دیگر ملزمان بری ہو چکے ہیں، 12 مارچ کو حسن اور حسین نواز پاکستان آ کر عدالت پیش ہو جائیں گے۔ اس کے ساتھ ہی وکیل صفائی قاضی مصباح نے حسن نواز اور حسین نواز کے دائمی وارنٹ معطل کرنے کی استدعا کر دی۔ نیب پراسیکیوٹر سہیل عارف نے کہا کہ دو وارنٹ گرفتاری پہلے سے معطل کر دیئے گئے ہیں، ملزمان خود آ کر عدالت سرنڈر کر سکتے ہیں، خود عدالت پیش ہوں، ملزمان کو عدالت پیش ہونے کا موقع دیا جائے۔ احتساب عدالت نے حسن اور حسین نواز کے وارنٹ گرفتاری معطل کرنے کی درخواستوں پر فیصلہ محفوظ کر لیا۔ بعدازاں عدالت نے فیصلہ سناتے ہوئے 14 مارچ تک کے لئے ملزمان کے دائمی وارنٹ گرفتاری معطل کر دیئے۔