پیرس اولمپکس سے قبل ارشد ندیم کی اکلوتی جیولین بھی خراب ہوگئی
03-07-2024
(ویب ڈیسک) پیرس اولمپکس میں پاکستان کے میڈل جیتنے کی واحد امید جیولین تھروور ارشد ندیم ہیں، جن کے پاس موجود اکلوتی جیولین بھی خراب ہوگئی۔
پاکستان کے سٹار جیولین تھرور ارشد ندیم نے نجی ویب سائٹ سے گفتگو کے دوران بتایا کہ اُن کے پاس جو جیولین ہے وہ کافی استعمال کے بعد اب عالمی معیار کی نہیں رہی ہے، نئی جیولین کے لیے اُن کے کوچ اور فیڈریشن کوشش کررہی ہے۔ ارشد ندیم کے مطابق ایک جیولین کی قیمت سات سے آٹھ لاکھ کے درمیان ہے جس کے لیے ایک کمپنی سے بات چیت جاری ہے، پیرس اولمپکس میں جیولین تھرو کا ایونٹ اگست میں ہوگا، اولمپکس میں شرکت سے پہلے ارشد ندیم جنوبی افریقا میں پانچ ہفتے ٹریننگ کریں گے۔ دوسری جانب پیرس اولمپکس میں ارشد ندیم کے حریف بھارت کے نیرج چوپڑا کی ٹریننگ پر اُن کی حکومت کروڑوں روپے خرچ کرچکی ہے، نیرج کے پاس بین الاقوامی معیار کی 177 جیولین ہیں۔ واضح رہے کہ پاکستان آخری بار 1992 کے اولمپک گیمز میں کوئی میڈل جیتا تھا، پیرس اولمپکس رواں برس اگست میں منعقد ہوں گے۔