پی ایس ایل 9: کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی

03-06-2024

(لاہور نیوز) پاکستان سپر لیگ سیزن 9 کے 22 ویں میچ میں کراچی کنگز نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو 7 وکٹوں سے شکست دیدی۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل کے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کوئی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا اور پوری ٹیم 118 رنز پر ڈھیر ہو گئی جبکہ کراچی کنگز کو جیت کیلئے 119 رنز کا ہدف دے دیا۔ کراچی کنگز نے 199 رنز کا ہدف 16 ویں اوور میں 3 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، کپتان شان مسعود محض 7 رنز بناکر پویلین لوٹ گئے، جیمز ونس نے27 اور ٹم سائفرٹ نے 49 رنز کی اننگز کھیلی، شعیب ملک 27 اور عرفان خان نیازی 4 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے۔ قبل ازیں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سعود شکیل نے 33 رنز کی اننگ کھیلی، جیسن روئے 15، خواجہ نافع 17، کپتان رائیلی روسوو 10 اور عقیل حیسن 14 رنز ہی بنا پائے جبکہ 6 کھلاڑی ڈبل فگر میں بھی داخل نہ ہو سکے۔ سابق کپتان سرفراز احمد 7، شرفین ردرفورڈ 9، محمد عامر 2، محمد حسنین 5 اور عثمان طارق صرف ایک رن بنا کر پویلین لوٹ گئے جبکہ ابرار احمد ایک رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ کراچی کنگز کی جانب حسن علی نے تباہ کن باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 15 رنز دے کر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے 4 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی جبکہ بلیسنگ مزربانی، زاہد محمود نے 2،2 اور میر حمزہ نے ایک وکٹ حاصل کی۔