سعید اجمل کا بھارتی سپنر ایشون کو خراج تحسین
03-06-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان کے سابق سپنر سعید اجمل نے بھارتی سپنر روی چندرن ایشون کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ایشون نے وقت کے ساتھ ساتھ خود کو بہت تبدیل کیا ہے اور وہ فٹ رہے تو 600 وکٹیں بھی حاصل کر سکتے ہیں۔
روی چندرن ایشون انگلینڈ کے خلاف کیریئر کا 100 واں ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں، اس موقع پر بھارتی میڈیا سے گفتگو کے دوران سعید اجمل نے کہا کہ بولرکو لمبے انٹرنیشنل کیریئر کے لیے تبدیلیاں لانے کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشون بھی کیریئر کے آغاز کے بعد سے کچھ تبدیلیاں لائے ہیں، ایشون نے اپنے ایکشن کو بھی تبدیل کیا ہے یوں کہیں کہ انہوں نے وقت کے ساتھ ساتھ خود کو بہت تبدیل کیا ہے۔ سعید اجمل کا کہنا تھا کہ بھارت میں ہی صرف 350 وکٹیں لینے کا مطلب ہے کہ انہوں نے کتنی زبردست بولنگ کی ہے، بھارت کی پچز سپن ہوتی ہیں لیکن آپ کو ڈسپلن کے ساتھ بولنگ کرنا ہوتی ہے، ایشون نے وکٹیں لینے کے لیے دوسرا پر زیادہ انحصار نہیں کیا۔ سابق سپنر نے مزید کہا کہ کامیاب سپنر وہی ہے جو کنڈیشنزکے علاوہ بھی وکٹیں لے ، ایشون نے 100 سے کم ٹیسٹ میچز میں 500 وکٹیں لیں اگر ایشون فٹ رہے تو 600 وکٹیں بھی لے سکتے ہیں۔