نیوزی لینڈ کا دورہ پاکستان، 2 رکنی سکیورٹی وفد لاہور پہنچ گیا

03-06-2024

(ویب ڈیسک) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے دورہ پاکستان کیلئے سکیورٹی کا جائزہ لینے کیلئے دو رکنی وفد لاہور پہنچ گیا، وفد میں پلیئرز ایسوسی ایشن نیوزی لینڈ کے ہیتھ ملز اور آزاد سکیورٹی ماہر رگ ڈیکاسن شامل ہیں۔

پہلے مرحلے میں وفد نے اسلام آباد اور راولپنڈی میں انتظامات کا جائزہ لیا تھا، وفد ٹیم ہوٹل اور پنڈی سٹیڈیم پہنچا جہاں انہیں اعلیٰ سطح کی بریفنگ بھی دی گئی، وفد نے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں پی ایس ایل کا میچ بھی دیکھا ، وفد پی ایس ایل کی سکیورٹی اور روٹس کا جائزہ بھی لے رہا ہے۔ دوسرے مرحلے میں وفد آج لاہور میں انتظامات کا جائزہ لے گا، ٹیم ہوٹل اور سٹیڈیم کا دورہ شیڈولڈ ہے۔ وفد کو انتظامات کے حوالے سے بریفنگنز بھی دی جائیں گی، وفد جمعرات کو واپس روانہ ہو گا، وفد نے اب تک انتظامات کو تسلی بخش قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ نیوزی لینڈ نے اپریل میں 5 ٹی 20 میچز کی سیریز کیلئے پاکستان کا دورہ کرنا ہے، دورے سے قبل سکیورٹی وفد کا انتظامات کا جائزہ لینا معمول کی بات ہے۔ مجوزہ شیڈول کے مطابق نیوزی لینڈ کی ٹیم 14 اپریل کو پاکستان پہنچے گی، 28 اپریل تک جاری رہنے والے دورے میں پہلا ٹی 20 میچ 18 اپریل کو ہو گا، پہلے مرحلے میں تین میچز راولپنڈی اور دوسرے مرحلے میں دو میچز لاہور میں کھیلنے کی تجویز ہے۔