مینجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی کا پورٹ قاسم کے2 اور کے3 پراجیکٹ کا دورہ
03-05-2024
(لاہور نیوز) مینجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی، انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے کراچی میں 500 کے وی K2/K3-پورٹ قاسم- مٹیاری ٹرانسمیشن لائن کی پروجیکٹ سائٹ کا دورہ کیا اور منصوبے پر جاری کام کا جائزہ لیا۔ این ٹی ڈی سی کے انجینئرز اور کنٹریکٹر نے منیجنگ ڈائریکٹر کو پراجیکٹ پر تعمیراتی کام میں پیش رفت سے متعلق آگاہ کیا۔
ایم ڈی این ٹی ڈی سی کو بتایا گیا کہ 500 کے وی K2/K3-پورٹ قاسم- مٹیاری ٹرانسمیشن لائن پر کام تیزی سے مکمل کیا جا رہا ہے اور اب تک 62 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ کنکریٹ، ٹاورز کی تعمیر اور ٹرانسمیشن لائن کی سٹرنگنگ کا کام بیک وقت کیا جا رہا ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے کنٹریکٹرکوپراجیکٹ مقررہ مدت میں مکمل کرنے پر زور دیا۔ این ٹی ڈی سی کی جانب سے یہ ٹرانسمیشن لائن K2/K3 نیوکلیئر پاور پلانٹس سے بجلی کی ترسیل کیلئے بنائی جا رہی ہے۔ 102 کلومیٹر طویل ڈبل سرکٹ کواڈ بنڈل ٹرانسمیشن لائن موجودہ 500 کے وی پورٹ قاسم-مٹیاری ٹرانسمیشن لائن کے ساتھ منسلک کی جائے گی۔ بعدازاں ایم ڈی این ٹی ڈی سی نے 220کے وی جھمپیرگرڈ سٹیشن کا بھی دورہ کیا اور20میگاواٹ کے بیٹری انرجی سٹوریج سسٹم منصوبے پرجاری کام کا جائزہ لیا۔اس موقع پر این ٹی ڈی سی کی پراجیکٹ ٹیم نے منیجنگ ڈائریکٹر کو منصوبے پر جاری کام کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ ایم ڈی این ٹی ڈی سی نے منصوبے کوطے شدہ اوقات کار کے مطابق مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ واضح رہے کہ این ٹی ڈی سی کی جانب سے220کے وی گرڈ سٹیشن جھمپیر میں 20میگاواٹ کا بیٹری انرجی سٹوریج سسٹم کے پائلٹ پراجیکٹ پر کام کیا جا رہا ہے اور اب تک اس منصوبے کا42 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے۔اس منصوبے کیلئے ایشیائی ترقیاتی بینک نے مالی معاونت فراہم کی ہے۔ قبل ازیں منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے قانون نافذ کرنے والے ایک ادارے کے سیکٹر کمانڈر سے تفصیلی ملاقات کی،ملاقات کے دوران ٹرانسمیشن لائنزکی سکیورٹی سمیت ساؤتھ ریجن میں ٹرانسمیشن لائنز پرتخریب کاری/چوری کے واقعات کو روکنے کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے ٹرانسمیشن لائن میٹریل کی چوری کو روکنے کیلئے تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے فوری، بروقت اور موثر ردعمل کے حوالے سے سیکٹر کمانڈر کے ساتھ مختلف امور پرگفتگو کی۔ سیکٹر کمانڈر نے اس سلسلے میں اپنے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کو این ٹی ڈی سی کے قومی اثاثوں کی حفاظت کیلئے ہمہ جہت اور فوری ردعمل کے لیے نئے سرے سے ہدایات جاری کی جائیں گی۔