پنجاب ریونیواتھارٹی : فروری 2024 کے مہینے کیلئے ریونیو میں23 فیصد اضافہ

03-05-2024

(لاہور نیوز) پنجاب ریونیو اتھارٹی (پی آر اے) نے فروری 2024 کے مہینے میں 19.1ارب روپے ریونیو اکٹھا کیا ، جو پچھلے سال کی اسی مدت کے دوران اکٹھا کیے گئے 15.6 ارب سے 23 فیصد زیادہ ہے ۔

ترجمان پی آر اے نے بتایا کہ مالی سال 2022-23کے لئے پی آر اے نے 201.5 ارب روپے سے زیادہ ٹیکس جمع کرکے اپنے مقررہ ہدف 190 ارب سے تجاوز کیا ۔ ترجمان پی آر اے کا کہنا ہے کہ 2023-24 کے لئے ، پی آر اے کو 240 ارب  کا ہدف دیا گیا ہے۔ حکومت کی جانب سے دیا گیا ہدف  ٹیکس دہندگان کی سہولت اور تعلیم ، سٹیک ہولڈرز کی شمولیت ، انفورسمنٹ  سرگرمیوں اور  انفارمیشن ٹیکنالوجی  کے موثر استعمال کی حکمت عملی کے ذریعے حاصل کیا جائے گا ۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ پی آر اے اس وقت سروسز پر سیلز ٹیکس ، پنجاب انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ سیس اور پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈ کے ذریعے پنجاب کی اپنی مجموعی آمدنی کا 66 فیصد سے زیادہ حصہ ڈال رہا ہے ، معاشی غیر یقینی صورتحال ، انتخابات اور سرکاری شعبے کے اخراجات میں کمی کے باوجود محصولات کی وصولی میں 23 فیصد اضافہ امید افزا معلوم ہوتا ہے ۔  ترجمان پی آر اے کا کہنا ہے کہ اتھارٹی پچھلے مسلسل چار سالوں کی طرح اس سال بھی اپنے مقررہ ہدف کو عبور کرنے کے لیے پرعزم ہے، رواں مالی سال کے دوران سروس سیکٹر کے بڑے ریونیو سپنرز ٹیلی کمیونیکیشن سیکٹر ، انشورنس ، آئی ٹی خدمات ، کوریئر خدمات اور فرنچائز خدمات ہیں ۔  ترجمان کے مطابق ستمبر 2023 میں سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ آئی ٹی خدمات کے ایک حصے کو ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا گیا تھا ، لیکن آئی ٹی سیکٹر نے  آمدنی میں 18فیصد اضافہ دکھایا جس سے پی آر اے کے افسران کے موثر نفاذ و نظام  کی عکاسی ہوتی ہے ۔ موجودہ مالی سال کے دوران دیگر اہم شعبوں ڈریس ڈیزائننگ (183فیصد) برقی آلات کی ورکشاپس   (149فیصد) کیبل ٹی وی آپریٹرز (131فیصد) آر کیٹیکٹ اور ٹاؤن پلانرز (76 فیصد) بیوٹی  پارلر اور بیوٹی  کلینک (69 فیصد)،  رائیڈ  ہیلنگ خدمات (65 فیصد) اور پراپرٹی ڈویلپرز (65 فیصد) خدمات پر سیلز ٹیکس میں اضافہ ہوا ہے ۔  پی آر اے نے رواں مالی سال کے دوران پنجاب ورکرز ویلفیئر فنڈز کی وصولی میں 67 فیصد اور پی آئی ڈی سی میں 46 فیصد اضافہ ہوا ہے ۔