پی ایس ایل: چھاتی اور بچوں میں کینسر سے آگاہی کا دن منایا جائے گا

03-05-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ ، ایچ بی ایل پی ایس ایل 9 میں چھاتی اور بچوں میں کینسر سے آگاہی کے دن منائے گا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ کے پلیٹ فارم سے سماجی ذمہ داری کے  طور پر چھاتی کے کینسر اور بچوں میں کینسر کے بارے میں آگاہی کا پیغام دے گا۔ اس سلسلے میں پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کے درمیان 5 مارچ کو پنڈی کرکٹ سٹیڈیم راولپنڈی میں ہونے والے میچ میں پنک ربن کے ذریعے چھاتی کے سرطان سے متعلق آگاہی پیدا کی جائے گی۔ ٹیمیں گلابی ربن اور پنک کیپ پہنیں گی جبکہ کمنٹیٹرز بھی گلابی ربن لگائیں گے اور بریسٹ کینسر سے متعلق آگاہی کے پیغامات بڑی سکرین پر دکھائے جائیں گے، کمنٹری کے دوران اعلان بھی کیا جائے گا۔ 12 مارچ کو نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور ملتان سلطانز کے درمیان میچ میں بچوں میں کینسر کے حوالے سے آگاہی کے لیے گولڈ ربن ڈے منایا جائے گا۔