مقامی طور پر تیار ہونیوالی گاڑیوں کی فروخت میں 49 فیصد کمی ریکارڈ
03-04-2024
(لاہور نیوز) مقامی طور پر تیار ہونیوالی گاڑیوں کی فروخت میں گزشتہ 7 ماہ کے دوران 49 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔
مقامی طور پر تیار گاڑیوں کی فروخت میں بڑے پیمانے پر کمی سے گاڑیوں کے پرزہ جات تیار کرنے والی صنعت شدید مشکلات کا شکار ہے، آٹو انڈسٹری اور وینڈرز کو پہلے ہی ایل سی کھلنے کے معاملات ، طلب میں کمی سے مالی مسائل تھے، رواں برس جولائی تا جنوری کے 7 ماہ کے دوران مقامی طور پر تیار 38464 کاریں فروخت ہوئی ہیں جبکہ گزشتہ برس اس عرصے میں 74933 کاریں فروخت ہوئی تھیں، اس طرح کاروں کی فروخت میں 49 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی اور ماہ جنوری 2024 کو ملک بھر میں صرف 7802 کاریں فروخت ہوئیں۔ اس حوالے سے تھرموسول انڈسٹریز کے چیئرمین سید نوید ہاشمی، سی ای او آغا احمد رضا خان اور آٹو انڈسٹری کے وینڈر میکاس انڈسٹریز کے انس خان نے کہا کہ ملکی معاشی صورتحال سے معیشت سکڑنے، قیمتوں میں اضافے، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل، شرح سود میں اضافے، سیاسی عدم استحکام اور پیداواری لاگت میں اضافے سے نہ صرف صارفین کی خریداری کی استعداد کم ہوئی بلکہ طلب بھی کم ہوئی، مقامی طور پر تیار گاڑیوں کی طلب میں کمی سے نہ صرف ریونیو میں کمی ہوئی بلکہ لوگوں کے روزگار کے مواقع بھی کم ہوئے۔ دوسری جانب درآمدی کاروں میں اضافہ ہوا ہے، 7 ماہ میں 21874 کاریں درآمد کی گئیں جبکہ گزشتہ برس اس عرصے کے دوران 2990 کاریں درآمد ہوئی تھیں، صرف ماہ جنوری میں 5305 کاریں درآمد کی گئیں اور زرمبادلہ خرچ کرنا پڑا۔