توانائی سیکٹر کے قرض کی نئی سیٹلمنٹ کیلئے آئی ایم ایف کو درخواست

03-04-2024

(ویب ڈیسک) حکومت پاکستان نے توانائی شعبے کا گردشی قرضہ کم کرنے کیلئے 1250 ارب روپے کی نئی سیٹلمنٹ کیلئے آئی ایم ایف کو دوبارہ درخواست دے دی۔

ذرائع کے مطابق وزارت توانائی نے وزارت خزانہ کی مشاورت سے آئی ایم ایف کو گردشی قرض کے سیٹلمنٹ پلان پر بات کیلئے درخواست کی، آئی ایم ایف نئی حکومت بننے کے بعد گردشی قرض کی سیٹلمنٹ کیلئے جواب دے گا۔ ذرائع وزارت خزانہ نے بتایا ہے کہ اس سے قبل آئی ایم ایف توانائی شعبے کا ایک ہزار 250 ارب کا گردشی قرض سیٹل کرنے کا پلان ماننے سے انکار کر چکا ہے۔ پلان کے مطابق پٹرولیم سیکٹر کیلئے ایک ہزار ارب اور پاور سیکٹر کیلئے 250 ارب روپے کیش جاری کیا جائے گا۔ ذرائع وزارت خزانہ کا کہنا ہے کہ او جی ڈی سی ایل کو 600 ارب، پی پی ایل کو 150 ارب اور جی ایچ پی ایل کو 170 ارب روپے جاری ہوں گے، نیشنل پاور پارکس مینجمنٹ کمپنی لمیٹڈ کو 100 ارب روپے کی رقم جاری کی جائے گی۔