ای چالان نادہندگان کیخلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ

03-04-2024

(ویب ڈیسک) لاہور پولیس نے ای چالان نادہندگان کے خلاف گھیرا تنگ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

ای چالان نادہندگان کو چالان جمع نہ کروانے تک پولیس سروسز میسر نہیں ہوں گی، ای چالان نادہندہ ہونے کی صورت میں لرنر پرمٹ، ڈوپلیکیٹ و فریش لائسنس اور دیگر سہولیات میسر نہیں ہوں  گی جبکہ ای چالان نادہندگان کریکٹر سرٹیفکیٹ، پولیس ویریفکیشن سمیت 14 مختلف سہولیات سے محروم رہیں گے۔ ٹریفک پولیس کی جانب سے پنجاب سیف سٹی، پولیس خدمت مراکز اور ڈرائیونگ لائسنس ایشوینس مینجمنٹ سسٹم کو انٹیگریڈ کردیا گیا۔ سی ٹی او عمارہ اطہر نے کہا ہے کہ اب شہریوں کو ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی سوچ سمجھ کر کرنا ہوگی، ٹریفک سگنل، لین، دھواں چھوڑنے، ون وے ٹریفک سمیت متعدد خلاف ورزیوں پر ای چالان کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا  کہ گاڑیوں کی نمبر پلیٹس سے چھیڑ چھاڑ کرنے والوں کےخلاف بھی کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا گیا ہے، گاڑی کی نمبر پلیٹس پر کالے پیپرز اور ہندسے غیر واضح کرنے والوں کے خلاف بھی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ سی ٹی او عمارہ اطہر کے مطابق منظم ٹریفک کے لیے شہریوں کو ٹریفک قوانین کا احترام کرنا ہو گا۔