شہبازشریف نے پاکستان کو ڈیفالٹ سے بچایا،اب معیشت کو استحکام دینگے:مریم اورنگزیب
03-03-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے 16 ماہ میں ملک کو ڈیفالٹ سے بچایا اب وہ ملکی معیشت کو استحکام دیں گے۔
پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہباز شریف بطور وزیراعظم پاکستان کیلئے خوشخبری ہیں، ترقی کا جو سفر 2018 میں رک گیا تھا پھر سے شروع ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے آنے کے بعد نوجوانوں کے روزگار،کاروبار اور ترقی کا دور شروع ہوگا، پاکستان میں سیاسی و معاشی استحکام آئے گا اور عوام کے مشکل حالات بہتر ہوں گے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ 4 سال بے رحمی سے ملک کے تمام شعبوں کوبرباد کیا گیا، اب ان کی بحالی اور تعمیرنوشروع ہوگی، شفافیت اور عوامی خدمت کا دور پھر سے شروع ہوگا، پھر سے تعلیم، صحت، آئی ٹی، زراعت، صنعت اور نوجوانوں کی ترقی کا سفرشروع ہو رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو لیپ ٹاپ اور آئی ٹی میں ترقی کےمواقع دینے کا دور پھر شروع ہو رہا ہے، نوجوانوں کو روزگار اورکھیل کے مواقع دینے کے دور کا پھرسے آغاز ہو رہا ہے، پاکستان کے خارجہ تعلقات میں بہتری اور اعتماد کا نیا دور شروع ہو گا۔