'پاکستانیوں کو خادم مل گیا'، مریم نواز کی شہباز شریف کو مبارکباد
03-03-2024
(لاہور نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صدر ن لیگ میاں شہباز شریف کو دوسری بار وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
وزیراعلیٰ مریم نواز نے اپنے ایک پیغام میں منتخب وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مریم نواز شریف نے عوام کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانیوں کو خادم مل گیا، محمد نواز شریف کی سربراہی میں آج سے پاکستان میں خدمت کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا، قوم کے خادم اور نواز شریف کے سپاہی شہباز شریف کا وزیر اعظم منتخب ہونا خوشحالی و ترقی کی نوید لیکر آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کی سپیڈ، محنت، کارکردگی اور ایمانداری کی دنیا معترف ہے، شہباز شریف کا ماضی گواہ ہے کہ وہ محنت، کارکردگی اور میرٹ پر یقین رکھتے ہیں، وزیر اعظم پاکستان کے عہدے پر شہباز شریف کا انتخاب حقیقی جمہوریت کی فتح ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کے معاشی، سماجی اور سیاسی مسائل کے حل کے لیے شہباز شریف کی قیادت ناگزیر ہے۔