نگران وفاقی وزیر کا نئی حکومت سے بجلی کے نرخوں میں کمی کا مطالبہ
03-02-2024
(لاہور نیوز ) نگران حکومت کے وزیر تجارت گوہر اعجاز نے برآمدات کو بڑھانے کیلئے توانائی کے نرخوں میں کمی کا بڑا مطالبہ کردیا۔
نگران وزیر تجارت گوہر اعجاز کا کہنا ہے کہ صنعتوں کو بچانے کیلئے انرجی کے نرخ 9 سینٹ کرنے ہوں گے، صنعتیں و گھریلو صارفین کو بجلی پر سبسڈی دے رہے ہیں، صنعتیں برآمدات کے ذریعے روزگار فراہم کر رہی ہیں، فیصلہ کرنا ہوگا صنعتیں چلانی ہیں یا سبسڈی فراہم کرنی ہے؟ گوہر اعجاز نے کہا کہ 500 روپے ماہانہ سبسڈی دیں یا 35 ہزار روپے کی نوکری؟ کیا ہمیں ایکسپورٹ بڑھا کر قرضے ادا کرنے ہیں؟ کیا ہمیں درآمدات کے لیے بیرونی قرضہ لینا ہے؟ اگلی حکومت کو یہ بنیادی فیصلے کرنے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں توانائی کے نرخ علاقائی ممالک سے کہیں زیادہ ہیں، مہنگی انرجی کے ذریعے صنعتیں بند ہوں گی، صنعتوں کی بندش سے برآمدات میں اضافہ ناممکن ہے۔