پی سی بی : کرکٹنگ فیصلوں کیلئے مشاورتی کمیٹی قائم کیے جانے کا امکان

03-02-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) میں کرکٹ کے حوالے سے فیصلے کرکٹرز سے ہی کروائے جائیں گے، اس حوالے سے مشاورتی کمیٹی قائم کیے جانے کا امکان ہے جس میں سابق کھلاڑی شامل ہوں گے۔

محسن نقوی کو حال ہی میں 3 سال کیلئے چیئرمین پی سی بی کی ذمہ داری دی گئی ہے، وہ نگران وزیراعلیٰ پنجاب کے عہدے سے سبکدوش ہو چکے، چند روز کی چھٹیوں کے بعد اب وہ کرکٹ بورڈ کے انتظامات مکمل طور پر سنبھالنے کیلئے تیارہیں، قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان اور کوچز کی تقرری سمیت کئی اہم فیصلے غور طلب ہیں۔ ذرائع کے مطابق پی سی بی حکام سابق کرکٹرز کی ایک ایڈوائزری کمیٹی قائم کرنے پر غور کر رہے ہیں، انہی کے مشوروں پر اہم فیصلے کیے جائیں گے،محسن نقوی پنجاب حکومت سے کئی افسران کو پی سی بی لے کر آئے ہیں جنہیں مختلف کام سونپے جائیں گے، اس سے موجودہ حکام کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں ، ملازمت بچانے کیلئے وفاداری کا یقین یا پھر کسی اہم شخصیت کی سفارش تلاش کی جا رہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ بیشتر نئے ملازمین ڈومیسٹک ،انفراسٹرکچر اور سکیورٹی وغیرہ کے معاملات دیکھیں گے،محسن نقوی کو میگا پروجیکٹس میں خاصی دلچسپی ہے، وہ ملکی سٹیڈیمز کو چیمپئنز ٹرافی سے قبل اپ گریڈ کرانے کے بھی خواہاں ہیں، ان پر اربوں روپے لاگت آ سکتی ہے، میگا ایونٹ کی پاکستانی میزبانی ابھی ففٹی ففٹی ہے۔ بھارت کے آنے سے انکار پر ایشیا کپ کی طرح ہائبرڈ ماڈل اپنانے کی ضرورت پیش آ سکتی ہے، البتہ پی سی بی فی الحال اتنے آگے کا نہیں سوچ رہا،محسن نقوی کے کْل وقتی چیئرمین کی پوسٹ سنبھالنے پر ہی صورتحال واضح ہو گی۔