پولارڈ پی ایس ایل سے چھٹی لیکرشادی کی تقریب میں شرکت کیلئے بھارت روانہ
03-02-2024
(ویب ڈیسک) کراچی کنگز کے اہم کھلاڑی کیرون پولارڈ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) چھوڑ کر بھارتی ارب پتی تاجر مکیش امبانی کے بیٹے آننت کی ‘پری ویڈنگ’ تقریب میں شرکت کیلئے بھارت روانہ ہوگئے۔
رپورٹس کے مطابق کیرون پولارڈ امبانی کے بیٹے کی شادی سے قبل ہونے والی تقریبات میں شرکت کرنے کیلئے 4 روز ممبئی میں قیام کریں گے، جس کی وجہ سے وہ اتوار کو ملتان سلطانز کے خلاف میچ میں دستیاب نہیں ہوں گے۔ کراچی کنگز کے بیٹر کیرون پولارڈ چھٹی لے کر بھارت گئے ہیں، وہ راولپنڈی میں کراچی کنگز کو جوائن کریں گے۔ بھارت کے ارب پتی تاجر مکیش امبانی کے چھوٹے بیٹے آننت امبانی اور منگیتر رادھیکا مرچنٹ کی ‘پری ویڈنگ’ تقریبات کا آغاز ہوگیا ہے یہ تقریبات یکم سے 3 مارچ تک گجرات میں منعقد ہوں گی۔ آننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی 19 جنوری 2023 کو ممبئی میں منگنی ہوئی تھی جبکہ جوڑا رواں سال 12 جولائی کو ممبئی میں شادی کے بندھن میں بندھ جائے گا۔ واضح رہے کہ اننت امبانی اور رادھیکا مرچنٹ کی شادی میں شرکت کے لیے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان اور ان کی فیملی، سلمان خان، رانی مکھرجی، دیپیکا پڈوکون، رنویر سنگھ، عالیہ بھٹ، رنبیر کپور اور ارجن کپور سمیت دیگر معروف شخصیات جام نگر پہنچ چکی ہیں۔