پی ایس ایل کے ویمن ٹیموں کے نمائشی میچ نہ ہونے پر بسمہ معروف بول اٹھیں

03-01-2024

(ویب ڈیسک)قومی ویمن کرکٹ ٹیم کی سابق کپتان بسمہ معروف کی جانب سے پاکستان سپر لیگ کے ویمن ٹیموں کے نمائشی میچز نہ ہونے پر افسوس کا اظہارکردیا گیا۔

تفصیلات کےمطابق اپنے ایک بیان میں بسمہ معروف کا کہنا تھا کہ پاکستان سپر لیگ کے دوران ویمن ٹیموں کے نمائشی میچز نہ ہونے کا افسوس ہے، ویمن کرکٹرز کے لیے پی ایس ایل کی طرز پر لیگ کا ہونا بہت ضروری ہے، گزشتہ سال پی ایس ایل کے دوران ہمارے نمائشی میچز ہوئے تھےجس میں  غیر ملکی کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی تھی۔ انہوں نے کہا کہ رواں سیزن میں ہمارے نمائشی میچز کروانے کا وعدہ کیا گیا تھا لیکن بدقسمتی سے پی ایس ایل کے دوران ہمارے نمائشی میچز نہیں ہو ئے۔بسمہ معروف کا کہنا تھاکہ غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر بہت کچھ سیکھنے کا موقع ملتا ہے، ڈریسنگ روم شیئر کرنے سے بھی فائدہ ہوتاہے، اسکلز بہتر ہوتی ہیں، یہی وجہ ہے کہ اس کے بعد ہمارے نتائج اور پرفارمنس میں بہتری آئی تھی۔