'ہیپی برتھ ڈے شاہد آفریدی' بوم بوم نے زندگی کی 47 بہاریں دیکھ لیں

03-01-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان بوم بوم آفریدی شاہد خان آفریدی 47 برس کے ہوگئے۔

رپورٹ کےمطابق شاہد خان آفریدی یکم مارچ 1977 کو خیبر ایجنسی میں پیدا ہوئے اور ان کا آبائی علاقہ بعد میں خیبرپختونخوا میں ضم ہوکر ضلع خیبر بن گیا، شاہد خان آفریدی نے دنیائے کرکٹ میں قدم رکھا اور کیریئر کے شروع میں دنیا بھر میں چھا گئے۔ سابق آل راؤنڈر نے 1996 میں بطور لیگ اسپنر انٹرنیشنل کرکٹ میں ڈیبیو کیا اور اپنے دوسرے ہی میچ میں صرف 37 گیندوں پر سری لنکا کے خلاف تیز ترین سنچری بنا کر دنیا کو حیران کر دیا تھا۔دنیائے کرکٹ کے مشہور آل راؤنڈرز میں شمار کیے جانے والے شاہد آفریدی کو ان کے حلقوں میں لالا  کہہ کر بھی پکارا جاتا ہے۔ شاہد آفریدی نے اپنے کرکٹ کیریئر میں مجموعی طور پر 398 ون ڈے انٹرنیشنل، 27 ٹیسٹ اور 99 ٹی ٹوئنٹی میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی، انہوں نے اپنی جارحانہ بیٹنگ اور لیگ اسپن کی بدولت پاکستان کو کئی میچوں میں کامیابی دلائی۔ قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان نے اپنی جارحانہ بلے بازی کی بدولت سب سے دنیا میں زیادہ چھکوں اور بہترین اسٹرائیک ریٹ کا ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں، وہ سری لنکا کے سابق کپتان جے سوریا کے بعد دنیا کے دوسرے آل راؤنڈر ہیں جنہوں نے ون ڈے کرکٹ میں 6 ہزار سے زائد رنز اور 300 سے زائد وکٹیں حاصل کی ہیں۔ شاہد آفریدی نے بھارت میں کھیلے گئے 2011 کے ورلڈ کپ میں پاکستان کی قیادت کی اور قومی  ٹیم کو سیمی فائنل تک پہنچایا، بوم بوم کی روایتی حریف ٹیم بھارت کے خلاف کئی یادگار آل راؤنڈ پرفارمنسز مداح کبھی نہیں بھول پائیں گے۔بوم بوم آفریدی نے پاکستان سپر لیگ کے پہلے7 ایڈیشنز میں 4 مختلف ٹیموں کے لیے بطور کھلاڑی اور مینٹور اپنی ذمہ داریاں نبھائیں۔ شاہد آفریدی نے ریٹائرمنٹ کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈمیں نگران چیف سلیکٹر کے طور پر بھی کام کیا، ملک کے لیے گراں قدر خدمات کے اعتراف میں انہیں صدر پاکستان کی جانب سے 2010 میں پرائیڈ آف پرفارمنس اور 2018 میں ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔