اے ایس پی شہر بانو نقوی کو سعودی شاہی مہمان بننے کی دعوت
03-01-2024
(لاہور نیوز) مشتعل ہجوم سے خاتون کی جان بچانے والی خاتون پولیس افسر شہربانو نقوی کو پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے شاہی مہمان کی حیثیت سے سعودی عرب کا دورہ کرنے کی دعوت دے دی۔
پاکستان میں تعینات سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی کی اے ایس پی شہر بانق نقوی سے ملاقات ہوئی، سعودی سفیر نے اے ایس پی شہر بانو کی بہادری کو سراہا۔ اس موقع پر سعودی سفیر نے اے ایس پی شہر بانو کو بطور شاہی مہمان دورہ سعودی عرب کی دعوت بھی دی۔ سعودی سفیر نواف سعید المالکی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو آپ جیسی بہادر پولیس خواتین کی ضرورت ہے۔ یاد رہے کہ 25 فروری کو اچھرہ کے علاقے میں عربی حروف تہجی والا لباس پہننے پر مشتعل ہجوم نے خاتون پر توہین مذہب کا الزام لگایا، خاتون پولیس افسر شہر بانو نقوی نے صورتحال کو نہ صرف بگڑنے سے بچایا بلکہ خاتون کو بھی مشتعل ہجوم سے بحفاظت نکال لیا تھا۔