کراچی کے لوگ سٹیڈیم کیوں نہیں آرہے؟ وسیم اکرم نے بتا دیا

03-01-2024

(ویب ڈیسک) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان وسیم اکرم، مصباح الحق اور اظہرعلی کراچی کے ٹریفک میں پھنسنے کی وجہ سے سٹیڈیم نہ پہنچ سکے۔

مقامی ٹی وی چینل پر سپورٹس شو ہوسٹ کرنے والے فخر عالم نے سماجی رابطے کی سائٹ ایکس (ٹوئٹر) پر ویڈیو شیئر کی جس میں سابق کپتان وسیم اکرم کا کہنا تھا کہ ڈیڑھ گھنٹے ٹریفک میں پھنسے ہوئے ہیں جبکہ یوٹرن لینے میں مزید گھنٹہ لگے گا۔ انہوں نے کہا کہ مجھے آج سمجھ آگئی ہے کہ کراچی کے لوگ میچز دیکھنے کیلئے سٹیڈیم کا رخ کیوں نہیں کررہے ہیں، جب ہم سٹیڈیم کے قریب تک نہیں پہنچ سکے تو لوگ کیسے آئیں گے۔ سابق کرکٹر نے سوال اٹھایا کہ کنٹینر لگا کر راستے بند کردینا ہر چیز کا حل نہیں، ہمیں ان مسائل کو حل کرنا ہوگا۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل 9 کے دوسرے مرحلے کا آغاز کراچی میں ہوگیا ہے تاہم ہوم ٹیم کے میچز کے باوجود سٹیڈیم خالی ہے جبکہ شائقین کی جانب سے کوئی دلچسپی بھی نظر نہیں آرہی ہے۔ قبل ازیں پاکستان سپر لیگ کے نویں ایڈیشن کا آغاز ملتان اور لاہور سے ہوا تھا جہاں شائقین کی بڑی تعداد نے سٹیڈیم کا رخ کیا۔