پی سی بی کا ملک کے اہم سٹیڈیم اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ

03-01-2024

(ویب ڈیسک) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے ملک کے اہم سٹیڈیم اپ گریڈ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع کے مطابق اگلے برس چیمپئنز ٹرافی سے قبل لاہور، کراچی اور راولپنڈی کے کرکٹ سٹیڈیم کو نئی شکل دی جائے گی۔ ذرائع کا کہنا تھا کہ پی سی بی فیصلے کے مطابق قذافی سٹیڈیم لاہور میں گنجائش بڑھانے کیلئے ڈبل سٹوری سٹینڈ تیار کیے جائیں گے،جبکہ امکان ہے کہ نیوزی لینڈ کی سیریز کے بعد قذافی سٹیڈیم پر کام شروع ہوجائیگا۔ ذرائع کے مطابق نیشنل (بینک) سٹیڈیم کراچی کو بھی اسی طرز پر اپ گریڈ کیا جائے گا اور اس سلسلے میں چیئرمین پی سی بی جلد نیشنل سٹیڈیم کراچی کا دورہ کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی کے دورے کے بعد کراچی سٹیڈیم کی اپ گریڈیشن کا حتمی پلان تیار کیا جائے گا جبکہ راولپنڈی میں ہاسپیٹیلٹی باکسز اور فکسڈ کرسیاں لگانے کا منصوبہ زیرغور ہے۔