الیکشن 2024:حکومتی سطح، اعلیٰ عہدوں پر خواتین کی نمایاں نمائندگی

03-01-2024

(لاہور نیوز) الیکشن 2024 میں خواتین کو نمایاں نمائندگی ملی، پنجاب میں ملکی تاریخ کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ جبکہ کے پی اور بلوچستان میں ڈپٹی سپیکر کے عہدے خواتین کو ملے۔

پنجاب کی پہلی خاتون وزیراعلیٰ کا اعزاز مریم نواز کو حاصل ہوا، ثریا بی بی ضلع چترال سے خیبرپختونخوا اسمبلی کی پہلی خاتون ڈپٹی سپیکر بنیں جبکہ پیپلزپارٹی کی غزالہ گولہ نے ڈپٹی سپیکر بلوچستان اسمبلی کا حلف اٹھایا۔ مریم نواز: حالیہ عام انتخابات کے بعد مریم نواز شریف نے پنجاب کی پہلی وزیراعلیٰ کے عہدے کا حلف اٹھایا، انتخابات میں حصہ لینے سے قبل پاکستان مسلم لیگ ن نے مریم نواز کو اہم ذمہ داریاں سونپیں۔ مریم نواز کو 2013 میں وزیراعظم یوتھ پروگرام کا انچارج مقرر کیا گیا، مریم نواز کو بی بی سی کی رپورٹ میں 2017 کے لئے دنیا کی 100 بااثر خواتین میں شامل کیا گیا، لیڈر شپ کے اعتراف میں انہیں پارٹی کا چیف آرگنائزر اور سینئر نائب صدر مقرر کیا گیا۔ والد کی  جانشین بیٹی نوازشریف کو وطن  واپس لائیں، انہوں نے 2024 کا انتخابی محاذ بھی دبنگ انداز میں سنبھالا اور مسلم لیگ ن کو پنجاب اور وفاق میں سب سے زیادہ نشستیں  لینے والی جماعت بنایا۔ غزالہ گولہ: پاکستان پیپلز پارٹی کی غزالہ گولہ بلوچستان اسمبلی کی ڈپٹی سپیکر منتخب ہوئیں، بلا مقابلہ منتخب ہونے والی پاکستان پیپلز پارٹی کی سابق صوبائی وزیر اور پیپلزپارٹی خواتین ونگ کی صوبائی صدر غزالہ گولہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ ثریا بی بی: خیبر پختونخوا اسمبلی میں بھی نئی تاریخ رقم ہوئی، پاکستان تحریک انصاف کی حمایت یافتہ اور سنی اتحاد کونسل کی ثریا بی بی ڈپٹی سپیکر منتخب ہوئیں۔  ثریا بی بی اپریل 1979 کو ضلع چترال کی پسماندہ تحصیل مستوج میں پیدا ہوئیں، ثریا بی بی خیبرپختونخوا کی واحد خاتون ہیں جو جنرل نشست جیت کر صوبائی اسمبلی تک پہنچیں۔ مرکز اور صوبائی اسمبلیوں میں خواتین اپنی جگہ بنانے میں کامیاب ہوئیں، اقتدار کے ایوانوں میں خواتین کی کثیر تعداد کا پہنچنا خوش آئند ہے، خواتین ممبران قومی و  صوبائی اسمبلی خواتین کو ہر شعبے میں آگے لانے کے لیے پرعزم ہیں۔ نومنتخب خواتین نے اس عزم کا اظہار کیاکہ وہ خواتین کے مسائل کے حل کے لیے ہر فورم پر آواز اٹھائیں گی۔