مہنگائی کے ستائے عوام کو ایک اور جھٹکا، پٹرول کی قیمت میں اضافہ

02-29-2024

(لاہور نیوز) مہنگائی کے ستائے عوام کیلئے بُری خبر، نگران حکومت نے پٹرول کی قیمت میں اضافہ کر دیا۔

وزارت خزانہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 4 روپے 13 پیسے فی لٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ قیمتوں میں اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 279 روپے 75 پیسے فی لٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت بغیر کسی تبدیلی کے 287 روپے 33 پیسے فی لٹر مستحکم رہی۔ وزارت خزانہ کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق رات 12 بجے سے ہو گیا جو 15 مارچ تک نافذ العمل رہے گا۔