چولستان کو سرسبز و شاداب بنانے کیلئے پانی کی پائپ لائن بچھانے کا منصوبہ
02-29-2024
(لاہور نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گرین پاکستان انیشیٹو (GPI) کے مرکزی دفتر کا دورہ کیا، وزیر اعلیٰ پنجاب کو گرین پاکستان انیشیٹو کی کارکردگی بارے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لمز کی کاوشوں کو سراہا اور اس انتھک محنت پر اطمینان کا اظہار کیا، مریم نواز کے دورے کے دوران اہم فیصلے کئے گئے، زراعت کے شعبے کو موثر بنانے کیلئے چولستان کے علاقے کیلئے ایک منفرد منصوبے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ چولستان کو سرسبز و شاداب بنانے کے لئے پانی کی پائپ لائن بچھائی جائے گی، پنجاب میں زراعت کی بہتری کیلئے کسانوں کو جدید زرعی آلات فراہم کئے جائیں گے، پنجاب میں جانوروں کی افزائش کر کے اعلیٰ نسل کی لائیو سٹاک متعارف کرانے کے حوالے سے اہم فیصلہ کیا گیا۔ ماحولیاتی آلودگی کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے راولپنڈی اور اسلام آباد کے گرد و نواح میں شجرکاری کا بھی فیصلہ کیا گیا، شجر کاری جڑواں شہروں میں فضائی آلودگی کم کرنے میں پھیپھڑوں کا کام کریگی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملکہ کوہسار کی قدرتی خوبصورتی اور حسن بحال کرنے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائینگے، راولپنڈی شہر کی صفائی ستھرائی کے لئے نالہ لئی پر سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ بنایا جائے گا۔ راولپنڈی کے شہریوں کی سہولت کیلئے اڈیالہ روڈ کو دو رویہ کیا جائے گا، راولپنڈی کے شہریوں کیلئے معیاری میگا ٹرانسپورٹ منصوبے کا آغاز کیا جائے گا، اجلاس میں مال روڈ راولپنڈی کو سگنل فری بنانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔