عوام سوال کر رہے ہیں 8 فروری کے کھیل کو الیکشن کا نام کیوں دیا گیا، سراج الحق
02-29-2024
(لاہور نیوز) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ عوام سوال کر رہے ہیں 8 فروری کے کھیل کو الیکشن کا نام کیوں دیا گیا۔
اپنے ایک بیان میں سراج الحق نے کہا کہ دھاندلی سے متعلق الیکشن کمیشن کو 100 سے زائد شکایات درج کرا چکے، فارم 45 والے سڑکوں پر، فارم 47 والوں نے حلف اٹھا لیا۔ امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ آئی ایم ایف سے مزید قرضوں کی بھیک کے مطالبات شروع ہو گئے، خود کو اصل حکمران کہنے والوں کے الیکشن میں کردار پر مجالس میں گفتگو ہو رہی ہے۔ سراج الحق کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتیں شفاف الیکشن کے لئے قومی ڈائیلاگ کا آغاز کریں، متناسب نمائندگی کے اصول کو اپنا کر ہی جمہوریت مضبوط ہو سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو دھاندلی سے ہرایا گیا، کراچی میں سیٹیں چھینی گئیں، جماعت اسلامی نے الیکشن کا مکمل جائزہ لے کر انہیں مسترد کر دیا۔