ماہرہ خان کا بھارتی برانڈ کے ساتھ فوٹوشوٹ وائرل
02-29-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان کی صفِ اول اداکارہ ماہرہ خان نے بالی ووڈ کنگ شاہ رخ خان کے ساتھ فلم کرنے کے بعد اب بھارتی کلاتھنگ برانڈ کے لیے فوٹوشوٹ کروالیا جس کی تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئیں۔
ماہرہ خان نے بھارتی کلاتھنگ برانڈ ‘ساون گاندھی’ کے ملبوسات کے لیے فوٹوشوٹ کروایا جس کی ویڈیوز اور تصاویر برانڈ کی جانب سے انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئیں۔ ‘ساون گاندھی’ کے ملبوسات کی تشہیری مہم کے لیے کروائےگئے فوٹوشوٹ کو ماہرہ خان نے بھی اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل پر پوسٹ کیا۔ ماہرہ خان کی اداکاری اور حُسن کے دیوانے بھارتی مداحوں نے اُن کے فوٹوشوٹ کے انداز کو خوب سراہا جبکہ پاکستانی مداحوں نے بھی اداکارہ کی تعریف کی۔ واضح رہے کہ ماہرہ خان نے سال 2017 میں راہول ڈھولکیہ کی ہدایتکاری میں بننے والی فلم ’رئیس‘ میں کام کرکے بھارت میں اپنی پہلی ڈیبیو بالی ووڈ فلم کی تھی، اُنہوں نے فلم ‘رئیس’ میں شاہ رخ خان کی اہلیہ کا کردار ادا کیا تھا۔ فلم ’رئیس‘ میں ماہرہ اور شاہ رخ خان کے علاوہ نوازالدین صدیقی نے بھی مرکزی کردار ادا کیا تھا اور یہ فلم باکس آفس پر کامیاب ہوئی تھی۔ فلم ’رئیس‘ میں کام کے بعد شاہ رخ خان اور ماہرہ خان متعدد مواقع پر ایک دوسرے کی فنکارانہ صلاحیتوں کی تعریف کرچکے ہیں۔