9 مئی کو ملک جلانے والے اب معیشت کو آگ لگانا چاہتے ہیں:حمزہ شہباز
02-29-2024
(ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و سابق وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ 9مئی کو ملک جلانے والے اب معیشت کو آگ لگانے کی کوشش کررہے ہیں۔
پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے رہنما مسلم لیگ ن حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ جمہوریت جیت چکی ہے، جنہوں نے جمہوریت کی راہ میں روڑے اٹکائے وہ ناکام ہوئے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ جنہوں نے 9مئی کو ملک میں آگ لگائی اب وہ معیشت کو آگ لگانے کی کوشش کررہے ہیں، ان کی یہ کوشش بھی ناکام ہوگی، پہلے بھی قومی اسمبلی کا ممبر رہ چکا ہوں، ملک اور قوم کی خدمت کریں گے۔ آئی ایم ایف کو خط ملک میں بحران پیدا کرنے کی کوشش ہے: عطا تارڑ ادھر نومنتخب لیگی رکن قومی اسمبلی عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ مخالفین نے آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا ہے ، خط میں کاش لکھ دیتے کہ میں قیدی ہوں اور کرپشن کیسز میں اندرہوں، پہلے امریکی سازش اور اب امریکا سے مدد، آپ کی پالیسی ہے کیا؟ ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ آئی ایف ایم کوخط لکھ کرملک میں بحران پیدا کرنا چاہتے ہیں، یہ اقدام ملک کے خلاف اور ذاتی انا کی تسکین ہے۔