اتحادی جماعتوں کے وفد کی فضل الرحمان سے ملاقات، ووٹ کی درخواست کر دی

02-29-2024

(ویب ڈیسک) مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ق)، باپ اور آئی پی پی کا وفد ووٹ مانگنے جے یو آئی سربراہ مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پہنچ گیا۔

اتحادی جماعتوں کے وفد نے رات گئے مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی،  وفد میں احسن اقبال، ایاز صادق، سعد رفیق، رانا تنویر، یوسف رضا گیلانی، خورشید شاہ، نوید قمر، صادق سنجرانی، خالد مگسی، سینیٹر عبدالقادر، عبد العلیم خان اور سالک حسین شامل تھے۔ جمعیت علمائے اسلام کی جانب سے ملاقات میں مولانا عبدالغفور حیدری، مولانا عطاء الرحمان، مولانا اسعد محمود، مفتی مصباح الدین، اسلم غوری، حافظ حمد اللہ، عثمان بادینی اور نور عالم خان موجود تھے، ملاقات کے دوران ملکی سیاسی صورتحال پر بھی مشاورت کی گئی۔ اتحادی جماعتوں کی جانب سے سپیکر کے نامزد امیدوار ایاز صادق نے ملاقات کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم سب مولانا فضل الرحمان کے پاس ووٹ کے سلسلے میں گئے، پچھلی پی ڈی ایم کی حکومت میں مولانا فضل الرحمان ہمارے ساتھ تھے۔ ایاز صادق نے مزید کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان سے بہت اچھی گفتگو ہوئی، آج ہمارے قائدین کی ان سے ملاقات ہو گی، مولانا فضل الرحمان کو الیکشن کے حوالے سے گلے شکوے ہیں لیکن ہمارے ساتھ ان کے کوئی گلے شکوے نہیں ہیں۔