نگران حکومت کے جاتے ہی برکت مارکیٹ ڈبل انڈرپاس پر کام ٹھپ

02-28-2024

(لاہور نیوز) نگران حکومت کے جاتے ہی برکت مارکیٹ پر بننے والے ڈبل انڈرپاس پر کام ٹھپ ہو گیا۔

سابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی نے وائے جنکشن برکت مارکیٹ کے مقام پر دو انڈر پاسز کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا،ڈبل کیرج انڈر پاس کی تعمیر کے لیے الیکشن کمیشن کی طرف سے منظوری بھی دے دی گئی مگر سی بی ڈی پنجاب نے انتخابات اور پی ایس ایل کے سبب تعمیراتی کام کا آغاز نہ کیا۔ لاہور سے پی ایس ایل میچز ختم ہونے کے بعد بھی مشینری کو سائٹ پر موبلائز نہ کیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ نومنتخب پنجاب حکومت کو دوبارہ برکت مارکیٹ وائے جنکشن کی تفصیلات پیش کی جائیں گی،پنجاب حکومت کی اجازت کے بعد وائے جنکشن برکت مارکیٹ پر کام کا آغاز ہوگا۔ منصوبے کے تحت برکت مارکیٹ وائے جنکشن پر ٹریفک مسائل کے حل کے لیے دو انڈر پاسز تعمیر ہونگے،سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ اتھارٹی پنجاب کی تاریخ میں پہلی دفعہ ڈیول انڈر پاس تعمیر کرے گی۔ پراجیکٹ کے لیول ون پر برکت مارکیٹ سے کنال روڈ کی طرف  انڈر پاس تعمیر کیا جائیگا،برکت مارکیٹ سے کنال روڈ انڈر پاس کی کل لمبائی 700میٹر ہوگی جبکہ لیول ٹو انڈر پاس کی لمبائی 1.4کلومیٹر ہوگی،لیول ٹو انڈر پاس جناح ہسپتال سے برکت مارکیٹ کی طر ف جائیگا۔ منصوبے کے تحت بھیکے وال موڑ پر ایک ایڈگریڈ یوٹرن اورایک ایڈگریڈ بریج بھی بنایا جائیگا، سی بی ڈی پنجاب نے قومی ہیرو ورلڈ چیمپئن گاما پہلوان کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے اس منصوبے کا نام رستم زماں دی گریٹ گاما کراسنگ  رکھا۔