وزارت کی خواہش نہیں ، پارٹی جو ذمہ داری لگائے گی نبھاؤں گا:عطاتارڑ

02-28-2024

(لاہور نیوز) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما و این اے127 سے نومنتخب رکن قومی اسمبلی عطا تارڑ نے کہا ہے کہ میں نے کبھی کسی وزارت کی خواہش نہیں کی، پارٹی جو ذمہ داری لگائے گی نبھاؤں گا۔

پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو میں عطا تارڑ کا کہنا تھا کہ پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کی صدارت ہمارے قائد نواز شریف نے کی، نواز شریف نے باضابطہ طور پر شہباز شریف کو وزیراعظم اور ایاز صادق کو سپیکر قومی اسمبلی نامزد کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوازشریف کی پارٹی اور ملک کے لئے خدمات ہیں جن پر انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا، شہباز شریف کو ملک کو ڈیفالٹ سے بچانے پر خراج تحسین پیش کیا گیا، ہم نے عوام کی فلاح و بہبود کے لئے جو ترقیاتی کام کئے اس پر پارلیمانی پارٹی میں روشنی ڈالی گئی۔ عطاتارڑ کا کہنا تھا کہ ڈپٹی سپیکر بارے پیپلزپارٹی کے ساتھ آج باہمی مشاورت سے فیصلہ کیا جائے گا، اتحادی جماعتوں کے ساتھ آج شام کو مشترکہ پارلیمانی میٹنگ ہے، مشترکہ اجلاس اور عشائیہ پنجاب ہاؤس میں ہوگا، گورنر بلوچستان کے لئے پارٹی قیادت جلد فیصلہ کرے گی۔