شیخ رشید کی ای سی ایل میں نام ڈالنے کیخلاف درخواست پرسماعت ملتوی

02-28-2024

(ویب ڈیسک) لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ نے سابق وزیرداخلہ شیخ رشید کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کے خلاف درخواست پر سماعت 5مارچ تک ملتوی کردی۔

ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ کے جسٹس صداقت علی خان نے سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید کا نام  ای سی ایل میں ڈالنے کیخلاف درخواست پر سماعت کی ، شیخ رشید احمد کی جانب سے سردار عبدالرزاق ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے، ایف آئی اے کی جانب سے جواب ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ میں جمع کروا دیا گیا۔ ایف آئی اے نے عدالت میں کہا کہ شیخ رشید کا نام نیب نے 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل کیس میں ای سی ایل میں شامل کیا جس پر عدالت نے نام ای سی ایل میں ڈالنے سے متعلق چیئرمین نیب سے جواب طلب کر لیا۔ جسٹس صداقت علی خان نے شیخ رشید سے استفسار کیا کہ کیا آپ 190 ملین پاؤنڈ سکینڈل میں بھی ملزم ہیں جس پر شیخ رشید نے جواب دیا کہ نہیں میں اس کیس میں ملزم نہیں ہوں، عدالت نے ریمارکس دیے کہ جب شیخ رشید ملزم نہیں تو نام کیوں شامل کیا گیا؟  شیخ رشید کے وکیل نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کرنے کی استدعا کر دی، تاہم عدالت نے شیخ رشید کے وکیل کی استدعا کو مسترد کر دیا،  عدالت میں سابق وزیرداخلہ نے استدعا کی کہ میرا کیس رمضان سے پہلے رکھ لیں ، میں عمرے کے لیے جانا چاہتا ہوں۔ عدالت نے ریمارکس دیے کہ اس کے لیے اجازت ملے گی یا نہیں کچھ نہیں کہہ سکتے، وکیل شیخ رشید نے کہا کہ 190 ملین پاؤنڈ کیس کا چالان پیش ہو چکا ہے اور فرد جرم بھی عائد ہو چکی ہے، بعدازاں  عدالت نے کیس کی سماعت 5 مارچ تک ملتوی کر دی ۔