پنجاب اسمبلی اجلاس، 358 ارب روپے کا سپلیمنٹری بجٹ منظور

02-28-2024

(لاہور نیوز) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں 358 ارب روپے کا سپلیمنٹری بجٹ منظور کرلیا گیا۔

 پنجاب اسمبلی کا اجلاس 3 گھنٹے 15 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا، اجلاس کی صدارت سپیکر ملک محمد احمد خان نے کی۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی اسمبلی اجلاس میں شرکت کی، اپوزیشن اراکین بازوؤں پر سیاہ پٹیاں باندھ کر اجلاس میں شریک ہوئے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا سیاسی تناؤ میں کمی کیلئے احسن اقدام اجلاس کا آغاز ہوا تو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیاسی تناؤ میں کمی لانے کیلئے احسن اقدام اٹھاتے ہوئے اپوزیشن بنچز پر جا کر سنی اتحاد کونسل کے رہنما رانا آفتاب احمد خان سے ملاقات کی۔ اجلاس کے دوران حکومت کی جانب سے مریم اورنگزیب نے  ایک ماہ کے لیے 358 ارب روپے کے حکومتی اخراجات جاریہ کی موشن ایوان میں پیش کی جس پر اپوزیشن اراکین نے شور شرابہ کیا۔ حکومتی موشن پر اپوزیشن کا اعتراض مریم اورنگزیب کی جانب سے موشن پیش کرنے پر اپوزیشن نے اعتراض اٹھایا، سنی اتحاد کونسل کے رہنما رانا آفتاب احمد خان نے کہا کہ 358 ارب روپے سے زائد کے بجٹ کی ضرورت کیوں ہے؟ ضمنی بجٹ پر بحث ہونا ضروری ہے،جو بجٹ منظوری کیلئے پیش کیا جارہا ہے اس کی تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ بجٹ کن کن محکموں کو جاری ہوا اس کی تفصیلات نہیں ہیں، کتنا پیسہ تنخواہوں کی مد میں جارہا ہمیں معلوم ہونا چاہئے، میرا اعتراض ہے معزز رکن بجٹ پیش نہیں کر سکتیں، فنانس منسٹر یا وزیر اعلیٰ ایوان میں بجٹ کی تحریک پیش کرسکتا ہے۔ پنجاب حکومت کے ایک ماہ کے بجٹ کی منظوری بعدازاں سپیکر نے اپوزیشن کے شور شرابے کے دوران ہی  حکومتی موشن  منظور کرلی، اجلاس کے دوران حکومت کے لئے ایک ماہ کے اخراجات جاریہ کی منظوری دے دی گئی، پنجاب اسمبلی میں یکم مارچ سے اکتیس مارچ تک کے لیے 358 ارب روپے کے اخراجات کی منظوری دی گئی۔ اجلاس کے دوران اپوزیشن اراکین کی جانب سے منتخب ممبران اسمبلی کو اجلاس میں شرکت نہ کرنے دینے کا سوال اٹھایا گیا۔ سپیکر پنجاب اسمبلی نے کہا کہ اپوزیشن کے ارکان کے ایوان تک آنے کو یقینی بناؤں گا، اگر کوئی نوٹیفائی ممبر ہے تو اس کے ایوان میں آنے کو یقینی بنایا جائے گا، بزنس ایڈوائزری کمیٹی بن گئی ہے اس میں تمام معاملات کو چلائیں گے۔ پینل آف چیئر کااعلان اس موقع پر سیکرٹری اسمبلی نے پینل آف چیئر کا اعلان کردیا، رانا منور، سید علی حیدر گیلانی، غلام رضا اور راحیلہ خادم کو پینل آف چیئرنامزد کردیا گیا۔ بعدازاں سپیکر ملک محمد احمد خان نے پنجاب اسمبلی کا اجلاس غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردیا۔ قبل ازیں پنجاب اسمبلی میں رانا آفتاب احمد کی زیر صدارت ہونے والا سنی اتحاد کونسل کا پارلیمانی اجلاس ختم ہو گیا، سنی اتحاد کونسل کے اجلاس میں آج اخراجات جاریہ کی بجٹ کی منظوری کے ایجنڈے کاجائزہ لیاگیا۔