پبلک مقامات پر مفت وائی فائی کی سہولت کے منصوبے پر کام شروع

02-27-2024

(لاہور نیوز) عوامی مقامات پر مفت وائی فائی کی سہولت ملے گی، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کے اعلان کے بعد منصوبے پر کام شروع کر دیا گیا۔

پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کو منصوبے کی ذمہ داری سونپ دی گئی۔ پی آئی ٹی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ پرانے ہاٹ سپاٹ ایریاز کو بحال کیا جائے گا، ایک بار پھر بس سٹاپس، کالجز، یونیورسٹیز، ہسپتالوں اور ریلوے سٹیشن پر مفت وائی فائی کی سہولت ہو گی، مزید ہاٹ سپاٹ ایریاز کو بھی منصوبے میں شامل کیا جا سکتا ہے۔ 2013ء میں بھی ن لیگ کی حکومت نے لاہور سمیت مختلف شہروں میں مفت وائی فائی کی سہولت دی، پی ٹی آئی دور حکومت میں مفت وائی فائی سروس بند کر دی گئی، پی ٹی آئی دور میں مفت وائی فائی کی فراہمی کی ذمہ داری پی ٹی سی ایل کو دی گئی تھی۔ اب کی بار پی آئی ٹی بی مفت وائی فائی کی سروس فراہم کرے گا۔